لندن:پاک بھارت ہاکی میچ سے قبل پاکستان کا غلط پرچم آویزاں

لندن( ایف آئی ایچ پرو لیگ، سوشل میڈیا رپورٹس)ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے آغاز سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا غلط پرچم پیش کیے جانے پر شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

میچ کے باضابطہ آغاز سے قبل تقریب میں شریک بچوں کے ہاتھوں میں موجود پاکستانی پرچم میں سفید رنگ شامل نہیں تھا، جس کے باعث قومی پرچم کی غلط نمائندگی سامنے آئی۔

واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور ایونٹ انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پاکستانی شائقین نے اس غلطی پر وضاحت اور معذرت کا مطالبہ کیا۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں شریک ممالک کے قومی پرچم اور شناخت کے حوالے سے ایسی غفلت ناقابل قبول ہے۔ بعض شائقین نے سوال اٹھایا کہ تمام انتظامی اور پروٹوکول جانچ کے باوجود یہ سنگین غلطی کیسے نظر انداز ہو گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے قومی پرچم میں سفید پٹی مذہبی اقلیتوں جبکہ سبز حصہ مسلم اکثریت کی نمائندگی کرتا ہے۔ قومی ترانے کی تقریب میں پرچم کی غلط نمائش کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔