لی یونا لوکل 506 نے پیٹرک براؤن کی برامپٹن میئر کے طور پر دوبارہ انتخاب کی حمایت کردی

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) لیبررز انٹرنیشنل یونین آف نارتھ امریکا کی لوکل 506 نے برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن کی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں دوبارہ انتخاب کی حمایت کا اعلان کردیا۔

یونین کے بزنس مینیجر کارمن پرنسپیٹو نے کہا کہ ہمیں میئر پیٹرک براؤن کی دوبارہ انتخاب کیلئے حمایت پر فخر ہے، وہ مزدور تحریک کے مستقل حامی رہے ہیں اور برامپٹن میں عوامی بنیادی ڈھانچے میں ریکارڈ سرمایہ کاری کے ذریعے تعمیراتی شعبے کو متحرک کیا ہے۔

کارمن پرنسپیٹو نے کہا کہ برامپٹن کی تعمیر کے عمل کو میئر براؤن کے ساتھ جاری رکھا جائے۔پیٹرک براؤن نے لی یونا لوکل 506 کے ارکان کی حمایت پر کارمن پرنسپیٹو اور یونین کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لی یونا لوکل 506 کے مرد و خواتین برامپٹن میں رہائش، کام اور تفریح کے مقامات کی تعمیر میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

پیٹرک براؤن نے کہا کہ وہ کارمن پرنسپیٹو اور لوکل 506 کے ہر رکن کی حمایت پر شکر گزار ہیں، مل کر برامپٹن کی تعمیر کے بڑے منصوبے کو آگے بڑھایا جائے گا۔بلدیاتی انتخابات 26 اکتوبر 2026 کو ہوں گے۔

لیبررز انٹرنیشنل یونین آف نارتھ امریکا کینیڈا اور امریکا میں تقریباً 5 لاکھ کارکنوں کی نمائندگی کرتی ہے، جن کے ارکان تعمیرات، توانائی اور عوامی خدمات کے شعبوں میں کام کرتے ہیں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و دیکھ بھال میں کردار ادا کرتے ہیں۔