دبئی(اماراتی میڈیا، خبر ایجنسیاں) ماحولیاتی جرائم کے خلاف بین الاقوامی کارروائی کے دوران اماراتی حکام اور شراکت دار ممالک نے 839 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 280 ملین امریکی ڈالر مالیت کے اثاثے بھی ضبط کر لیے گئے۔
اماراتی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکا کے ایمیزون بیسن میں 17 روز تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران غیر قانونی ماحولیاتی سرگرمیوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق ایمیزون بیسن کا بڑا حصہ برازیل میں واقع ہے، جبکہ یہ خطہ پیرو، کولمبیا، بولیویا اور ایکواڈور تک پھیلا ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرین شیلڈ 2026 آپریشن میں برازیل، پیرو، کولمبیا، بولیویا اور ایکواڈور نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی ماحولیاتی سرگرمیوں میں استعمال ہونیوالے آلات اور دیگر اثاثے بھی ضبط کیے گئے۔
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ سیف بن زاید نے کہا کہ یہ آپریشن سرحد پار ماحولیاتی جرائم کے خلاف عالمی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔اماراتی قیادت نے ماحولیاتی جرائم کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
اماراتی میڈیا کے مطابق گزشتہ برس 2025 میں ہونے والی اسی نوعیت کی کارروائی کے دوران 94 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ 64 ملین امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثے ضبط کیے گئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحول کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر رہا ہے۔

