محمد عامر ڈومیسٹک کھلاڑی کے طور پر نوٹنگھم شائر میں شامل

ناٹنگھم( نوٹنگھم شائر کرکٹ کلب)پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر انگلش کاؤنٹی کلب نوٹنگھم شائر میں ڈومیسٹک کھلاڑی کے طور پر شامل ہو گئے ہیں۔

نوٹنگھم شائر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد عامر کے ساتھ ویٹالٹی بلاسٹ کے باقی میچوں کے لیے مختصر مدتی معاہدہ کیا گیا ہے۔ کلب انتظامیہ نے انہیں ٹیم میں خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کا وسیع تجربہ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

کلب کے مطابق برطانوی پاسپورٹ رکھنے کے باعث محمد عامر کو اوورسیز کھلاڑی کے بجائے ڈومیسٹک کھلاڑی کے طور پر رجسٹر کیا گیا ہے۔اس موقع پر محمد عامر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویٹالٹی بلاسٹ میں نوٹنگھم شائر کی نمائندگی پر بے حد مسرور ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوٹنگھم شائر ایک تاریخی اور باوقار کلب ہے، اس کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے اور وہ اس کی نمائندگی کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔