کراچی (نمائندہ خصوصی) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج اور شور شرابے کے دوران سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 منظور کرلیا گیا، جس کے تحت کونسل کی مدت ختم ہونے پر میئر ہی ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات سنبھالے گا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا، جس پر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا اور اسپیکر ڈائس کے سامنے پہنچ گئے۔اپوزیشن ارکان نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔
بعد ازاں لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 پر خصوصی کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی، جس کے بعد بل کی منظوری دے دی گئی۔بل کے متن کے مطابق نئے منتخب میئر کے عہدہ سنبھالنے تک سبکدوش ہونے والے نمائندے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر کام کریں گے۔
ترمیمی بل کے مطابق ڈپٹی میئر وائس چیئرمین کونسل کا کنوینر مقرر ہوگا اور کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کرے گا۔بل میں یونین کونسل کے چیئرمین کو غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کرکے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو اطلاع دینے کا پابند کیا گیا ہے۔ترمیمی بل میں مصالحتی فورم بھی شامل کیا گیا ہے، جسے 90 روز کے اندر تشکیل دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

