مریم نواز دہشت گردی پر سیاست کے بجائے خیبرپختونخوا کی قربانیاں دیکھیں: شفیع جان

پشاور (نامہ نگار+ ٹی این این) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دہشت گردی سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حساس قومی معاملے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے استعمال کرنا مسلم لیگ (ن) کا پرانا وطیرہ ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک صوبے یا علاقے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، ایسے وقت میں صوبوں کے درمیان نفرت اور بداعتمادی پیدا کرنے کے بجائے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبہ رہا ہے، جہاں پولیس اور عوام نے امن کے قیام کیلئے غیر معمولی قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس صوبے نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہوں، اسے ہی دہشت گردی کا ذریعہ قرار دینا انتہائی افسوسناک سوچ ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بیان پر عوام سے معذرت کریں اور دہشت گردی کے معاملے کو صوبائی سیاست کا حصہ بنانے سے گریز کریں۔شفیع جان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر جنگ کے لیے ملک میں اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے، تاہم مریم نواز حساس قومی مسئلے کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جن لوگوں نے کبھی یونین کونسل کا الیکشن نہیں لڑا، وہ آج دہشت گردی جیسے سنگین قومی مسئلے پر بھاشن دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ مریم نواز نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پنجاب کو پڑوسی ملک سے کم جبکہ پڑوسی صوبے سے زیادہ خطرہ ہے اور پنجاب میں آنے والی دہشت گردی دیگر صوبوں کی جانب سے آرہی ہے۔