مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے افتخار گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے 17ویں وزیرِاعظم منتخب ہوگئے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیرِاعظم کے انتخاب کیلئےہونے والی ووٹنگ میں افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان کو 14 ووٹ ملے۔
افتخار گیلانی پہلی مرتبہ 2011 میں منتخب ہو کر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن بنے تھے۔ وہ آزاد کشمیر کے وزیرِ تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔
حالیہ انتخابات میں افتخار گیلانی ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے انہیں وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزد کیا تھا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 32 ارکان جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 14 ارکان ہیں، جبکہ 7 نشستوں پر انتخابات ہونا ابھی باقی ہیں۔

