مسی ساگا (سی بی سی نیوز) میئر کے انتخاب کی مہم کے پہلے مباحثے میں موجودہ میئر کیرولین پیرش، سابق میئر بونی کرومبی، وارڈ 2 کے کونسلر ایل وِن ٹیجو اور وارڈ 7 کی کونسلر دیپیکا ڈامرلا نے شرکت کی، جہاں پولیس فنڈنگ، ڈیٹا سینٹرز اور شہری مسائل سمیت مختلف معاملات پر امیدواروں نے اپنے مؤقف پیش کیے۔
مباحثے کی میزبانی سی بی سی پیل کے میزبان ناو نانوا نے کی۔ مباحثہ مسی ساگا بورڈ آف ٹریڈ اور سی بی سی نیوز کے اشتراک سے شیریڈن کالج کے ہیزل میک کالیون کیمپس میں منعقد ہوا۔
“کیرولین پیرش کا مؤقف”
موجودہ میئر پیرش نے پولیس فنڈنگ کے معاملے پر کہا کہ پولیس کے علاقائی فنڈنگ فارمولے کے تحت مسی ساگا پولیس کیلئے جتنی رقم خرچ کر رہا ہےاس کے مقابلے میں شہر کو مناسب وسائل نہیں مل رہے۔
کیرولین پیرش اس سے قبل بھی پولیس فنڈنگ کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرچکی ہیں۔ انہوں نے دو سال قبل پیل پولیس سروس بورڈ سے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد مباحثے میں ان کے سیاسی حریفوں نے ان کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

پیرش نے وضاحت کی کہ پولیس بورڈ ایک خودمختار ادارہ ہے اور بورڈ کا رکن ہوتے ہوئے وہ اس کے فیصلوں پر کھل کر تنقید نہیں کرسکتیں۔
ڈیٹا سینٹرز کے معاملے پر کیرولین پیرش نے کہا کہ سٹی کونسل کی جانب سے عارضی پابندی عوامی ردعمل کے پیش نظر عائد کی گئی ہے۔ ان کے مطابق بڑی کمپنیوں کو مسی ساگا کی جانب راغب کرنے کے لیے شہر میں ڈیٹا سینٹرز کا ہونا ضروری ہے، تاہم ان کی تعمیر کے معاملے میں محتاط اور مرحلہ وار پیش رفت کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کیلئےمناسب ماحول اور تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

“بونی کرومبی کا مؤقف”
سابق میئر بونی کرومبی نے پولیس فنڈنگ کے معاملے پر کیرولین پیرش کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مسی ساگا کے میئر کو پولیس بورڈ میں موجود رہ کر شہر کے مفادات کیلئےآواز اٹھانی چاہیے۔بونی کرومبی کے مطابق میئر کی ذمہ داری ہے کہ وہ پولیس بورڈ میں مسی ساگا کیلئے بہتر وسائل اور منصفانہ بجٹ کے حصول کیلئےمذاکرات کریں۔
انہوں نے کیرولین پیرش کے پولیس بورڈ سے علیحدہ ہونے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ میئر نے نہ صرف پولیس بورڈ بلکہ میئر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری سے بھی دستبرداری اختیار کی۔ڈیٹا سینٹرز کے معاملے پر بونی کرومبی نے کہا کہ شہر کو دوبارہ غور کرنا چاہیے کہ دستیاب ترقیاتی اراضی کو ڈیٹا سینٹرز کیلئےاستعمال کرنا بہترین انتخاب ہے یا نہیں۔
“دیپیکا ڈامرلا کا مؤقف”
وارڈ 7 کی کونسلر دیپیکا ڈامرلا نے پولیس فنڈنگ کے معاملے پر ایل وِن ٹیجو کے سابقہ ووٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ 2025 میں ایل وِن ٹیجو پیل ریجن کونسل کے ان تین مسی ساگا کونسلروں میں شامل تھے جنہوں نے پولیس بجٹ میں 23.3 فیصد اضافے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
دیپیکا ڈامرلا نے کہا کہ اگر ایل وِن ٹیجو شہریوں کیلئے آواز اٹھانے اور ٹیکسوں میں اضافے پر بات کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں تو انہیں پولیس کے منصفانہ بجٹ کیلئے بھی جدوجہد کرنی چاہیے تھی۔

“ایل وِن ٹیجو کا مؤقف”
وارڈ 2 کے کونسلر ایل وِن ٹیجو نے مباحثے کے آغاز میں پیل ریجنل پولیس ایسوسی ایشن کی جانب سے ملنے والی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس یونین نے ان کے منصوبے کو سمجھتے ہوئے ان کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے منصوبے میں شہریوں کی حفاظت کیلئےمزید ذہنی صحت کے ماہرین اور بحران سے نمٹنے والے کارکنوں کو پولیس کے بجائے بعض ہنگامی صورتحال میں خدمات انجام دینے کا موقع دینا شامل ہے۔
پولیس فنڈنگ کے معاملے پر ایل وِن ٹیجو نے کہا کہ وہ اس بات کے حامی تھے کہ مجوزہ بجٹ میں منصفانہ تبدیلی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے بجٹ میں اضافے پر نظرثانی کی تحریک کی حمایت کی اور اسے دوبارہ غور کے لیے واپس بھیجنے کے حق میں بھی ووٹ دیا تھا۔
ایل وِن ٹیجو نے ڈیٹا سینٹرز کے معاملے پر محدود ترقیاتی اراضی امریکی کمپنیوں کو فراہم کرنے سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔
مباحثے کے دوران چاروں امیدواروں نے پولیس فنڈنگ کے موجودہ علاقائی طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا، تاہم ڈیٹا سینٹرز کے معاملے پر کسی امیدوار نے مکمل پابندی کی حمایت نہیں کی۔
چاروں امیدوار آئندہ جمعرات کو ایک اور میئرل مباحثے میں شرکت کریں گے، جو فوڈ بینکس مسی ساگا اور غیر منافع بخش تنظیموں کے گروپ میٹامورفوسس نیٹ ورک کے اشتراک سے منعقد ہوگا۔

