ڈیلاس / غزہ( بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کامیابی کے بعد مصر کے قومی فٹبال ٹیم کے کوچ حسام حسن نے یہ فتح فلسطینی عوام کے نام کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی، جبکہ غزہ میں بھی شہریوں نے مصر کی کامیابی کا جشن منایا۔
مصر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی بار عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کا میچ جیتا۔ مقررہ وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں ایک، ایک گول سے برابر تھیں۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حسام حسن نے کہا کہ وہ یہ تاریخی فتح مصری اور فلسطینی عوام کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فلسطینیوں کو کامیابی عطا فرمائے اور شہداء پر اپنی رحمت نازل کرے۔
فتح کے بعد حسام حسن میدان میں مصر اور فلسطین کے پرچم بھی ساتھ لے کر آئے، جسے شائقین نے خوب سراہا۔
دوسری جانب غزہ میں بھی لوگوں نے تباہ شدہ عمارتوں اور خیموں کے درمیان بڑی اسکرینوں پر میچ دیکھا اور مصر کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں شائقین کو جشن مناتے اور بچوں کو اپنے چہروں پر مصر کا پرچم بنائے دیکھا جا سکتا ہے۔
مصر اب عالمی کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا یا کیپ ورڈی کی ٹیم کا سامنا کرے گا۔

