مصری گلوکار ہانی شاکر 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

قاہرہ (شوبز ڈیسک)مصر کے معروف اور سینئر گلوکار ہانی شاکر طویل علالت کے بعد 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ہانی شاکر کو صحت کے پیچیدہ مسائل کے باعث فرانس کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج رکھا گیا تھا، جہاں دورانِ علاج ابتدائی طور پر ان کی حالت میں بہتری کے آثار ظاہر ہوئے، تاہم بعد میں طبیعت دوبارہ بگڑ گئی اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (ICU) میں منتقل کیا گیا۔

21 دسمبر 1952 کو قاہرہ میں پیدا ہونے والے ہانی شاکر عرب موسیقی کی ایک نمایاں شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے اور انہیں “عربی گلوکاری کا شہزادہ” بھی کہا جاتا تھا۔انہوں نے 1972 میں اپنے گلوکاری کے کیریئر کا باقاعدہ آغاز کیا اور اپنے طویل فنی سفر میں عرب دنیا کے معروف شعراء اور موسیقاروں کے ساتھ کام کیا۔رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے کیریئر میں 600 سے زائد گانے ریکارڈ کیے اور تقریباً 29 میوزک البمز ریلیز کیے، جس کے باعث وہ عرب موسیقی کے اہم ترین فنکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔