کراچی (نمائندہ خصوصی) معروف اداکار، موسیقار اور کامیڈین خالد نظامی کراچی میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔اہل خانہ کے مطابق خالد نظامی گزشتہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ ظہر عثمانیہ مسجد، بفر زون سیکٹر 15-بی، کراچی سینٹرل میں ادا کی جائیگی، جس کے بعد انہیں سپردِ خاک کیا جائیگا۔
خالد نظامی 1947ء میں برصغیر کے شہر مسوری، ضلع دہرادون، ریاست اتراکھنڈ میں پیدا ہوئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد ان کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا، جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی گرامر اسکول سے حاصل کی، جبکہ بعد ازاں اسلامیہ کالج کراچی سے بی اے کیا۔
انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے متعدد یادگار ڈراموں میں اپنی منفرد اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ 1972ء میں نشر ہونے والا ڈرامہ انکل عرفی، 1974ء کا شہزوری اور 1982ء کا مقبول ڈرامہ ان کہی ان کے نمایاں فن پاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے حسینہ معین کے مشہور ڈرامے عید کا جوڑا سمیت کئی کامیاب ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
خالد نظامی نے فلمی دنیا میں بھی خدمات انجام دیں۔ ان کی نمایاں فلموں میں حقیقت (1974ء)، پہچان (1975ء) اور پنجابی فلم اج دیاں کڑیاں (1977ء) شامل ہیں۔
خالد نظامی کو پاکستان کے ان فنکاروں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی منفرد مزاحیہ اداکاری، برجستہ مکالمہ گوئی اور موسیقی کے میدان میں خدمات کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا۔ ان کے انتقال پر شوبز حلقوں اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

