ممبئی(بھارتی میڈیا)بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے طلبہ سے بھی احتجاج ختم کر کے اپنے گھروں اور والدین کے پاس واپس جانے کا مشورہ دیا ہے۔
نیٹ (NEET) پیپر لیک تنازع پر طلبہ کے احتجاج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسپتال میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے سونم وانگچک کی حمایت میں سلمان خان نے انسٹاگرام پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا۔
سلمان خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ “طلبہ ہماری پہلی ترجیح ہیں، چاہے معاملہ تعلیم کا ہو یا سیکیورٹی کا، اس لیے طلبہ اور ان کے والدین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے اس معاملے میں سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، اس لیے تمام طلبہ احتجاج ختم کر کے اپنے گھروں اور والدین کے پاس واپس چلے جائیں۔
سونم وانگچک کو مخاطب کرتے ہوئے سلمان خان نے لکھا، “بس بہت ہو گیا بھائی، اسے مزید مت بڑھاؤ۔ اپنی طاقت کسی اور دن کے لیے بچا کر رکھو اور کچھ کھا لو۔ اگر چاہو تو میں اپنے گھر سے تمہارے لیے کھانا بھیج دیتا ہوں۔”
لداخ سے تعلق رکھنے والے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نیٹ پیپر لیک معاملے پر وفاقی وزیرِ تعلیم کے استعفے کے مطالبے کے حق میں 28 جون سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
حالت بگڑنے پر دہلی پولیس نے انہیں پہلے صفدر جنگ اسپتال اور بعد ازاں گروگرام کے میڈانتا اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔
دریں اثنا سونم وانگچک نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اگر حکومت مظاہرین کے خلاف درج مقدمات واپس لینے اور پولیس کارروائی نہ کرنے کی ضمانت دے تو وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے پر آمادہ ہیں۔

