ممبئی: کبھی شراب نوشی کی عادی نہیں رہی:جھانوی کپور

ممبئی (بھارتی میڈیا)بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے اپنے بارے میں پھیلنے والی ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ شراب کی عادی رہ چکی ہیں۔اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کے حالیہ ریمارکس کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، جس کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا کہ وہ شراب نوشی کی عادی تھیں، جو کہ درست نہیں ہے۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جھانوی کپور نے بتایا تھا کہ وہ اپنی زندگی کے ایک مشکل دور میں جذباتی تکلیف کے بعد زیادہ شراب نوشی کرنے لگی تھیں، تاہم انہوں نے کبھی خود کو “ایڈکٹ” یا باقاعدہ عادی قرار نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا ایک وقتی مرحلہ تھا، جو ایک تکلیف دہ تجربے کے بعد شروع ہوا، لیکن وقت کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ یہ ان کی صحت اور روزمرہ زندگی پر منفی اثر ڈال رہا ہے، جس کے بعد انہوں نے اس عادت کو کم کر دیا۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر بھی ایک وضاحتی پوسٹ شیئر کی جس میں کہا گیا کہ بعض میڈیا پلیٹ فارمز ان کے بیانات کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں، جو تشویشناک ہے۔کام کے حوالے سے جھانوی کپور جلد ہی ہدایتکار بوچی بابو سانا کی اسپورٹس ایکشن فلم پیڈی میں نظر آئیں گی، جس میں رام چرن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔