ممبئی :60 سالہ عامر خان نے 18 کلو وزن کم کر لیا، مائگرین میں بھی نمایاں کمی

ممبئی (بھارتی میڈیا رپورٹس)بالی ووڈ اداکار عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 60 سال کی عمر میں 18 کلوگرام وزن کم کیا، جس کے نتیجے میں انہیں بار بار ہونے والے مائگرین کے حملوں میں بھی نمایاں کمی محسوس ہوئی۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عامر خان نے بتایا کہ ان کا اصل مقصد وزن کم کرنا نہیں بلکہ صحت بہتر بنانا اور مائگرین سے نجات حاصل کرنا تھا، اسی لیے انہوں نے اینٹی انفلامیٹری (سوزش کم کرنے والی) غذا اپنائی۔

عامر خان کے مطابق اس غذائی طرزِ زندگی نے نہ صرف ان کا 18 کلو وزن کم کیا بلکہ مائگرین کے حملوں میں بھی واضح کمی آئی۔ تاہم انہوں نے اپنی روزمرہ غذا کی مکمل تفصیلات بیان نہیں کیں۔

ماہرین کے مطابق اینٹی انفلامیٹری غذا کوئی عارضی یا فیشن پر مبنی ڈائٹ نہیں بلکہ ایسا متوازن غذائی نظام ہے جو جسم میں سوزش کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں تازہ پھل، سبزیاں، ثابت اناج، دالیں، پھلیاں، میوے، بیج، زیتون اور ایواکاڈو کا تیل، جبکہ اومیگا 3 سے بھرپور مچھلی کو ترجیح دی جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس غذائی نظام کے دوران اعتدال کے ساتھ سبز چائے، بلیک ٹی اور کافی بھی استعمال کی جا سکتی ہے، جبکہ میٹھی اشیاء، میٹھے مشروبات، سفید آٹے سے بنی غذائیں، تلی ہوئی اور پراسیسڈ خوراک، نیز ٹرانس فیٹس سے پرہیز کیا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق اینٹی انفلامیٹری غذا جسمانی سوزش میں کمی، بہتر نیند، توانائی میں اضافے، وزن کو متوازن رکھنے اور جوڑوں کی صحت بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ عامر خان ماضی میں فلمی کرداروں کے لیے کئی مرتبہ اپنے وزن اور جسمانی ساخت میں نمایاں تبدیلیاں کر چکے ہیں، تاہم اس بار انہوں نے یہ تبدیلی کسی فلمی کردار کے لیے نہیں بلکہ اپنی مجموعی صحت بہتر بنانے کے لیے اختیار کی ہے۔