منی ٹوبا سرحد پر بھارتی خاندان کی ہلاکت، انسانی اسمگلر کی سزا برقرار

منی ٹوبا(سی بی سی) امریکا کی اپیل عدالت نے 2022ء میں منی ٹوبا اور امریکا کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران شدید سردی سے ہلاک ہونے والے بھارتی خاندان کے کیس میں انسانی اسمگلنگ کے جرم میں سزا یافتہ ہرش کمار پٹیل کا جرم ثابت ہونے کا فیصلہ اور سزا برقرار رکھی ہے۔

ہرش کمار پٹیل نے رواں سال اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے نومبر 2024ء میں منی سوٹا کی جیوری کی جانب سے سنائے گئے فیصلے اور سزا ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔

بھارتی شہری ہرش کمار پٹیل کو 2024ء میں شکاگو سے گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں اسے 10 سال سے زائد قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت کے مطابق اس نے انسانی اسمگلنگ کے آپریشن کو منظم کیا اور اپنے شریک ملزم فلوریڈا کے رہائشی اسٹیو شینڈ کو ان تارکین وطن کو گاڑی میں منتقل کرنے کے لیے مقرر کیا تھا جو منی ٹوبا سے سرحد عبور کرکے امریکی ریاست منی سوٹا میں داخل ہوئے تھے۔

امریکی اپیل عدالت کے آٹھویں سرکٹ کے تین رکنی بینچ نے نچلی عدالت کی سزا برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ جیوری کے جرم ثابت کرنے کے فیصلے کی حمایت کے لیے شواہد کافی تھے۔

عدالت نے ہرش کمار پٹیل کی جانب سے سزا کے تعین کے طریقہ کار کو چیلنج کرنے والے دلائل کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ نچلی عدالت نے اس جرم میں موت واقع ہونے اور انسانی اسمگلنگ کے دوران ہلاکت کے خطرے سے متعلق سزا میں اضافے کا اطلاق کرتے ہوئے کوئی قانونی غلطی نہیں کی۔

عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ فرد جرم میں قانونی نقائص سے متعلق پٹیل کے دلائل پر اپیل میں ریلیف نہیں دیا جاسکتا کیونکہ وہ ان معاملات کو نچلی عدالت میں مناسب وقت پر محفوظ رکھنے میں ناکام رہا تھا۔

یہ افسوسناک واقعہ 19 جنوری 2022ء کو پیش آیا تھا جب 39 سالہ جگدیش پٹیل، ان کی 37 سالہ اہلیہ ویشالی، 11 سالہ بیٹی وِہانگی اور 3 سالہ بیٹے دھارمک کی لاشیں منی ٹوبا کے برف سے ڈھکے ایک میدان میں امریکی سرحد سے تقریباً 12 میٹر کے فاصلے پر ملی تھیں۔ چاروں شدید سردی میں جم کر ہلاک ہوگئے تھے۔

عدالتی کارروائی میں واضح کیا گیا کہ ہرش کمار پٹیل کا ہلاک ہونے والے پٹیل خاندان سے کوئی رشتہ نہیں تھا۔ عدالت کے مطابق قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد اسے بھارت بھیجے جانے کا امکان ہے۔

دوسرے شریک ملزم اسٹیو شینڈ نے بھی اپنے جرم ثابت ہونے کے فیصلے اور سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔ اپیل عدالت شینڈ کے وکیل کے دلائل 23 اکتوبر کو سینٹ پال، منی سوٹا میں سنے گی۔