میاں چنوں(نامہ نگار) پنجاب کے شہر میاں چنوں کے بورا چوک میں آٹا چوری کے الزام میں 12 سالہ بچے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ سامنے آگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بورا چوک کے ایک دکاندار نے مبینہ طور پر بچے پر آٹا چوری کرنے کا الزام عائد کیا اور اسے روک کر پولیس کو اطلاع دی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بچے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آنے کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر سٹی پولیس میاں چنوں نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دکاندار کو حراست میں لے لیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔
واقعے پر شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ کم عمر بچے پر تشدد کے واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

