میشا شفیع اپیل کیس:ٹرائل کورٹ کا مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ نے ہتکِ عزت کے مقدمے میں سیشن کورٹ کے 50 لاکھ روپے ہرجانے کے فیصلے کو مکمل طور پر معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔

یہ اپیل گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ ان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو مکمل طور پر معطل کیا جائے، تاہم عدالت نے یہ درخواست منظور نہیں کی۔

عدالت نے عبوری ریلیف دیتے ہوئے ہدایت کی کہ میشا شفیع ہرجانے کی نصف رقم نقد اور باقی نصف کیلئے ضمانت عدالت میں جمع کرائیں۔عدالت نے علی ظفر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں شامل وہ حکم برقرار رہے گا جس کے تحت فریقین کو دوبارہ جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرنے سے روکا گیا ہے اور اس حصے کو فی الحال معطل نہیں کیا جا سکتا۔عدالت نے قرار دیا کہ اس مرحلے پر مکمل فیصلہ معطل کرنے کی قانونی بنیاد موجود نہیں، تاہم اپیل پر مزید سماعت جاری رہے گی۔