میڈیا ورکرز آرگنائزیشن لاہور اور BRAINS GROUP OF IT COLLEGESکے درمیان معاہدہ

تقریب برینز ہیڈ آفس میں ہوئی،صدر عدنان شوکت اور برینز گروپ کے چیئرمین کاشف افتخار نے دستخط کئے

ورکرز کی طرف سے شکریہ ، آئی ٹی کورسز اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے مواقع میسر ہونگے: جنرل سیکرٹری طاہر اعوان

میڈیا ورکرز کے بچوں کیلئے بہترین سہولت فراہم کرنا بہت بڑی نیکی ہے:مشتاق خان۔آئی ٹی سیکٹر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے:محبوب الٰہی۔چیئرمین کاشف افتخار کا میڈیا ورکرز سے نیک تمنائوں کا اظہار

لاہور(نمائندہ خصوصی)میڈیا ورکرز آرگنائزیشن لاہور اور BRAINS GROUP OF IT COLLEGESکے درمیان باقاعد ہ ایم او یو سائن کرنے کی تقریب منعقدہوئی ، ایم ڈبلیو او کےوفد نے برینز گروپ آف آئی ٹی کالج کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں برینز گروپ کے چیئرمین کاشف افتخار نے ان کا استقبال کیا ۔میڈیا ورکرز آرگنائزیشن لاہورکےوفد میں صدر عدنان شوکت ، جنرل سیکرٹری طاہرمنصف اعوان ، سینئرممبر مشتاق خان اور سپریم کونسل ممبر محبوب الٰہی نے شرکت کی ۔ اس دوران خوشگوارموڈ میں گفتگو ہوئی اور باقاعدہ طے شدہ معاملات کے تحت BRAINS GROUP OF IT COLLEGESاورمیڈیا ورکرز لاہور کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے گئے ۔

معاہدے کے مطابق میڈیا ورکرز لاہور کے تمام ممبران کے بچوں کو 40فیصدتک آئی ٹی کے کورسز میں رعایت دینے کا معاہدہ ہوا اور دوران ڈیوٹی انتقال کرجانیوالے میڈیا ورکرز ممبران کے بچوں کو 50فیصدتک رعایت دینے کا معاہدہ طے پایا ۔اس موقع پرصدر عدنان شوکت نے کہا برینز گروپ آف آئی ٹی کالج کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میڈیا ورکرز کے بچوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان کے لئے رعایت کا اعلان کیا۔جس سے انکے بچوں کامستقبل بہتر ہو گا ، اور بہترین روزگار کے مواقع ملیں گے۔

جنرل سیکرٹری طاہر منصف اعوان نے کہا کہ چیئرمین کاشف افتخار کو تمام میڈیا ورکرز ممبران کے حوالے سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے ممبران سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔ برینز گروپ کی جانب سے اٹھائے گئے اس قدم کو بہت اہم کہا کہ اس سے میڈیا ورکرز کے بچو ں کو بہتر آئی ٹی کورسز اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے مواقع میسر ہونگے،سینئر ممبر مشتاق خان نے چیئرمین سے کہا کہ اس افراتفری کے دور میں ہمارے ممبران کے بچوں کیلئے بہترین سہولت فراہم کرنے بہت بڑی نیکی ہے ، ہم تہہ دل سے آپ برینز گروپ کے مشکور ہیں۔ممبر سپریم کونسل محبوب الٰہی نے کہا آئی ٹی سیکٹر ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے.برینز گروپ کے چیئرمین کاشف افتخار نے بھی نیک تمنائوں کا اظہا ر کیا ۔