میں نے بابر سمیت دیگر کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کی تھی: محمد یوسف

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے کہا ہے کہ چند سال قبل انہوں نے بابر اعظم سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی تکنیک میں موجود خامیوں کی نشاندہی کی تھی، تاہم بعض کوچز نے انہیں ان مسائل پر کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں محمد یوسف نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص تکنیک اب بنگلادیش سے لے کر انگلینڈ تک بری طرح بے نقاب ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن تکنیکی خامیوں کو کئی سال قبل درست کیا جاسکتا تھا، انہیں نظر انداز کیا گیا، جس کے باعث اب یہ پاکستان کرکٹ کی واضح کمزوری بن چکی ہیں اور قومی ٹیم کو عالمی سطح پر مشکلات کا سامنا ہے۔محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اگر اس وقت ان خامیوں کو دور کرلیا جاتا تو آج پاکستان کرکٹ کو موجودہ زوال کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

انہوں نے بعض کوچز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ کوچز کھیل کے لیے زہر ہیں، کیونکہ ان میں وژن کی کمی ہے، وہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھی غلط رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔محمد یوسف نے پاکستانی کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ انہیں یہ سیکھنا ہوگا کہ کس کی بات سننی چاہیے، بصورت دیگر ان کے کیریئر توقع سے کہیں پہلے اختتام پذیر ہوسکتے ہیں۔