ناران(نامہ نگار)ناران میں دریائے کنہار عبور کرنے کی کوشش کے دوران تیز بہاؤ میں ایک گاڑی بہہ گئی، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں سوار تمام 4 افراد کی جان بچا لی۔
پولیس کے مطابق چند افراد گاڑی کو دریا کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے لے جانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک پانی کے تیز بہاؤ نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور محض چند سیکنڈ میں کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
ریسکیو کارروائی کے بعد گاڑی تیز بہاؤ کی نذر ہو کر دریائے کنہار میں غرق ہوگئی۔ واقعے کی ویڈیو موقع پر موجود افراد نے اپنے کیمروں میں محفوظ کر لی، جو سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے۔پولیس نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں گاڑیاں اتارنے یا پانی عبور کرنے سے گریز کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

