نجف سے ایرانی ہوائی اڈوں کیلئے عراقی ایئر ویز کی پروازیں بحال، ایران کی تردید

نجف(رائٹرز، الجزیرہ، اناطولیہ نیوز ایجنسی) عراقی ایئر ویز نے نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایران کے ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کردی ہیں، تاہم ایرانی سول ایوی ایشن حکام نے ایرانی ایئر لائنز کی نجف کے لیے پروازیں بحال ہونے کی اطلاعات کی تردید کردی ہے۔

عراقی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی ایئر ویز نے پیر کو نجف اور ایرانی ہوائی اڈوں کے درمیان پروازیں بحال کیں۔ اس سے قبل عراق نے امریکی پابندیوں کے باعث جمعہ کو ایران سے آنے اور جانے والی پروازیں معطل کردی تھیں۔

الجزیرہ کے مطابق نجف اور ایران کے درمیان فضائی رابطہ بحال ہونے سے عراقی ایئر ویز کو ایرانی مسافروں اور زائرین کی آمدورفت کے لیے دوبارہ پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔ عراقی وزیراعظم علی الزیدی کی حکومت کی جانب سے امریکا سے ایرانی پروازوں کے لیے استثنا حاصل کرنے کی کوششیں بھی جاری تھیں۔

رائٹرز کے مطابق امریکی انتظامیہ نے ایرانی اور عراقی فضائی رابطے کے لیے محدود مدت کی پابندی سے استثنا دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے دی جانے والی ممکنہ اجازت کے تحت عراقی ایئر ویز کو ایران اور نجف کے درمیان مذہبی زائرین کی آمدورفت کے لیے ایک ماہ تک پروازیں چلانے کی اجازت مل سکتی ہے، جبکہ بعد میں اس استثنا میں توسیع بھی ممکن ہے۔

رائٹرز کے مطابق عراق نے امریکا سے ایران اور عراق کے درمیان طبی علاج، تعلیم اور مذہبی زیارت کے لیے سفر کو پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست کی تھی۔ عراقی حکام نے پروازوں کے حوالے سے سخت حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے، جن میں مسافروں کی جانچ پڑتال، معلومات کا تبادلہ اور اس بات کو یقینی بنانا شامل ہے کہ پروازوں کو اسلحے، پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد یا غیر قانونی رقم کی منتقلی کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

دوسری جانب ایرانی سول ایوی ایشن تنظیم کے سربراہ ابوذر شیروڈی نے ایرانی ایئر لائنز کی نجف کے لیے پروازیں بحال ہونے کی خبروں کو ناقابلِ تصدیق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک ایرانی ایئر لائنز کے عراق جانے والی پروازوں پر عائد پابندی اٹھانے کے حوالے سے کوئی سرکاری حکم یا اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حتمی سرکاری دستاویز موصول ہونے تک پروازوں کی بحالی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جاسکتا۔

شفق نیوز کے مطابق عراقی ایئر ویز نے نجف کے راستے ایران کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کردی ہیں، تاہم ایرانی ایئر لائنز پر عائد پابندی برقرار ہے۔ نجف ایئرپورٹ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھی بتایا کہ ایرانی ایئر لائنز کی پروازیں بحال کرنے کے حوالے سے ایئرپورٹ انتظامیہ کو عراقی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ ہدایت موصول نہیں ہوئی۔

ایران اور عراق کے درمیان فضائی رابطے میں تعطل امریکا کی جانب سے ایرانی فضائی شعبے سے متعلق نئی پابندیوں کے بعد پیدا ہوا تھا۔ ان پابندیوں کے نتیجے میں خطے کے بعض ممالک نے ایران کے لیے براہِ راست پروازیں محدود یا معطل کردی تھیں، جس پر ایرانی حکام نے خطے میں فضائی روابط متاثر ہونے کے حوالے سے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔

نجف شیعہ مسلمانوں کے اہم مذہبی مراکز میں شمار ہوتا ہے اور ایران سے بڑی تعداد میں زائرین مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے عراق کا سفر کرتے ہیں، اسی وجہ سے ایران اور نجف کے درمیان فضائی رابطے کی بحالی عراق کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔