بشکیک (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں پاکستانی کھلاڑیوں کے دستے کی آمد پر کھڑے ہوکر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی دستے کا بھرپور استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی افتتاحی تقریب میں آمد پر کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچنے والے دیگر ممالک کے سربراہان اور عالمی رہنما بھی شریک ہوئے۔
پاکستانی کھلاڑی نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ورلڈ نومیڈ گیمز وسطی ایشیا کی مختلف اقوام کے روایتی کھیلوں اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جانے والا بین الاقوامی کھیلوں کا مقابلہ ہے۔
نومیڈ گیمز میں کشتی، گھڑ دوڑ، تیر اندازی، روایتی شکار اور مختلف ذہنی و فکری کھیل شامل ہیں۔چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ان کھیلوں کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

