نیویارک (نیپالی وزارتِ خارجہ، رائٹرز) نیپال کے وزیراعظم بلیندرا شاہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نے جنگ کیلئے رسد کا بے عیب نظام بنا رکھا ہے، لیکن خوراک کی رسد کا نظام تباہ حال ہے۔
بلیندرا شاہ نے کہا کہ بین البراعظمی میزائل وقت پر پہنچ جاتے ہیں، رائفلیں اور گولہ بارود سرحدیں عبور کرکے ہر رکاوٹ دور کرتے ہوئے مقررہ وقت پر پہنچ جاتے ہیں، لیکن نیپال کا کسان ضرورت کے وقت کھاد اور ایندھن مناسب قیمت پر حاصل نہیں کر سکتا۔
نیپالی وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ایسی دنیا بنائی ہے جہاں جنگ کیلئے رسد کا بے عیب نظام اور خوراک کیلئے رسد کا ناقص نظام موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف نیپال کی انفرادی بدقسمتی نہیں، بنگلا دیش، بھوٹان، بھارت، مالدیپ، پاکستان اور سری لنکا سمیت خطے کے کسی بھی ملک سے پوچھ لیں، یہی صورتحال ملے گی۔
بلیندرا شاہ نے کہا کہ ہم اس موسمیاتی بحران کا نشانہ بنے جسے ہم نے پیدا نہیں کیا اور ان جنگوں کا نشانہ بنے جو ہم نے شروع نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ عالمی تعاون کے نظام میں بظاہر نظر آنے والی خامیوں سے کہیں زیادہ خرابیاں موجود ہیں۔

