واشنگٹن( رائٹرز، اے پی، اے ایف پی)امریکا کی ریاست جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے دفتر کے مطابق وہ ہفتے کی شام مختصر اور اچانک علالت کے بعد انتقال کر گئے، تاہم فوری طور پر بیماری کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
لنزے گراہم 2003ء میں پہلی بار امریکی سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور اس کے بعد مسلسل ایوانِ بالا کے رکن رہے۔ ان کا شمار ریپبلکن پارٹی کے نمایاں رہنماؤں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی سیاسی اتحادیوں میں ہوتا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لنزے گراہم اسرائیل کے مضبوط حامی سمجھے جاتے تھے اور غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کا کھل کر دفاع کرتے رہے۔ وہ خارجہ اور قومی سلامتی کے معاملات پر سخت مؤقف رکھنے والے سیاست دان کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔
ان کے انتقال کے بعد امریکی اور عالمی سیاسی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جنوبی کیرولائنا کے گورنر آئینی طریقہ کار کے تحت سینیٹ کی نشست کیلئےعبوری تقرری کریں گے۔

