واشنگٹن ( غیر ملکی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یورپی یونین طے شدہ تجارتی معاہدے کی پابندی نہیں کر رہی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے یورپی یونین کی کاروں اور ٹرکوں پر محصولات میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر یورپی یونین کی کمپنیاں امریکا میں کاریں اور ٹرک تیار کریں گی تو ان پر کوئی محصول عائد نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت امریکا میں آٹو موبائل اور ٹرک سازی کے کئی کارخانے زیرِ تعمیر ہیں جن میں 100 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔
امریکی صدر کے مطابق یہ کارخانے امریکی کارکنوں پر مشتمل ہوں گے اور جلد کھول دیے جائیں گے، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

