نیویارک (رائٹرز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد تقسیمِ انعامات کی تقریب کے دوران ارجنٹینا اور اسپین کے کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث ایک موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے آگئے۔
رپورٹس کے مطابق شکست کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے چیمپئن اسپین کے جشن میں شریک ہونے یا ان کے لیے تالیاں بجانے سے گریز کیا۔ بتایا گیا ہے کہ لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا کی ٹیم نے اسپین کے لیے روایتی گارڈ آف آنر بھی پیش نہیں کیا۔
اس کے برعکس اسپین کے کھلاڑیوں نے رنر اپ ارجنٹینا کی ٹیم کیلئےتالیاں بجائیں اور کھیل کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا کے اینزو فرنینڈس اور لینڈرو پریڈس اسپین کے جشن کے دوران بھی سخت ردعمل کا اظہار کرتے رہے۔
بعد ازاں ارجنٹینا کے ناہوئیل مولینا اور اسپین کے روڈری ہرنینڈس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے دونوں ٹیموں کے دیگر کھلاڑیوں تک پھیل گئی اور دھکم پیل شروع ہوگئی۔
براڈکاسٹ فوٹیج کے مطابق ارجنٹینا کے لینڈرو پریڈس اور اسپین کے ایرک گارسیا کے درمیان بھی شدید جھڑپ ہوئی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے متعدد کھلاڑی ایک دوسرے کو دھکے دیتے اور علیحدہ کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔
ہنگامے کے دوران بیچ بچاؤ کراتے ہوئے اسپین کے مڈفیلڈر گاوی بھی زمین پر گر گئے، جبکہ صورتحال قابو سے باہر ہوتی دیکھ کر ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ خود میدان میں آئے اور کھلاڑیوں کو الگ کرایا، جس کے بعد کشیدگی ختم ہوگئی۔

