وزیراعظم شہباز شریف آج قطر جائینگے، قطری قیادت سے اظہارِ تعزیت کرینگے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف آج قطر کا دورہ کریں گے، جہاں وہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر قطری قیادت سے اظہارِ تعزیت کریں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات بھی کریں گے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت دیگر اہم حکومتی شخصیات بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گی۔یہ دورہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال کے تناظر میں کیا جا رہا ہے اور اس موقع پر پاکستان کی جانب سے قطری حکومت اور عوام سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔