دوحہ (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کر کے سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کی قیادت اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی دور اندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کا بھی ذکر کیا اور اس مشکل گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وفد کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

