وزیراعظم کا وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم آفس نے تمام وفاقی وزارتوں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

مراسلے میں وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مخصوص فارم پر اپنی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں۔ وزارتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فروری 2024 سے اب تک کیے گئے اہم اقدامات، حاصل کردہ اہداف اور مجموعی کارکردگی کی تفصیلات فراہم کریں، جبکہ عوامی خدمات میں بہتری اور گورننس اصلاحات سے متعلق اقدامات بھی رپورٹ کا حصہ ہوں۔

ذرائع کے مطابق معیشت اور مالیات سے متعلق 18 وزارتوں، قانون، سیکیورٹی اور انتظامی امور سے وابستہ 14 وزارتوں، جبکہ سماجی خدمات، صحت اور تعلیم سمیت 9 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

مراسلے میں وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ منصوبوں، حاصل کردہ نتائج اور ان کی تکمیل کی تاریخ بھی فراہم کی جائے، جبکہ زیر التوا منصوبوں، تاخیر کی وجوہات اور درپیش رکاوٹوں کی مکمل تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل کی جائیں۔

وزیراعظم آفس نے واضح کیا ہے کہ ہر دعوے کے ساتھ لازمی دستاویزی ثبوت یا دیگر قابلِ تصدیق شواہد فراہم کیے جائیں، کیونکہ بغیر ثبوت دعووں اور نامکمل رپورٹس کو قابل قبول نہیں سمجھا جائے گا۔

اس جائزے کے دوران ترقیاتی فنڈز کے استعمال، منصوبوں کے نتائج، سی پیک اتھارٹی اور پلاننگ کمیشن کی کارکردگی، سالانہ ترقیاتی پروگرام، معاشی پالیسیوں کے نتائج، قومی مردم شماری اور اعداد و شمار کے نظام میں بہتری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔