بڈاپیسٹ/اسلام آباد (ایجنسیاں) ہنگری کے وزیرِ اعظم پیٹر میگیار نے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے تحفے میں بھیجے گئے آموں پر دلچسپ انداز میں شکریہ ادا کیا ہے۔
پیٹر میگیار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستانی آم ہاتھوں میں تھامے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران ترک صدر کی جانب سے ملنے والے تحفے کے برعکس، ہر کوئی تحفے میں پستول نہیں دیتا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ایک تاریخی دن کے اختتام پر ان کے دفتر میں ایک خوشگوار سرپرائز ان کا منتظر تھا، جہاں پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے تحفے میں 90 آم پہنچے تھے۔
ہنگری کے وزیرِ اعظم نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ صرف ایک گھنٹے کے اندر ان میں سے زیادہ تر آم کھائے جا چکے ہیں اور اب چند ہی باقی رہ گئے ہیں۔پیٹر میگیار کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین اس پر دلچسپ تبصرے اور ردِعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

