وفاقی حکومت کا خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں امن و امان، شہریوں کے تحفظ، بہتر طرزِ حکمرانی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم دے دیا، جس کا نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

حکمنامے کے مطابق نامزد اضلاع میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں۔

ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ ایریا ریپریزنٹیٹو ڈیولپمنٹ کونسل کی نگرانی میں کام کرے گا، جو نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ہوگی۔ کونسل کی سربراہی چیئرمین کریں گے، جبکہ چیئرمین، وائس چیئرمین، ترجمان اور ارکان کی تقرری مقررہ طریقۂ کار اور مدت کے مطابق کی جائے گی۔

حکمنامے کے مطابق ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کریں گے، جو ان اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوں گے۔ نامزد اضلاع میں تعینات افسران اور دیگر اداروں کے اہلکار سیکریٹریٹ کے انتظامی اور عملیاتی کنٹرول میں ہوں گے۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر نامزد اضلاع میں صوبائی حکومت کے انتظامی اور قانون نافذ کرنے سے متعلق اختیارات استعمال کریں گے۔ انہیں گورننس، سیکیورٹی اور ترقی کے لیے تنظیمی ڈھانچے قائم کرنے اور ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کی نگرانی کا اختیار حاصل ہوگا۔

ایڈمنسٹریٹر سول انتظامیہ، پولیس اور فوجی حکام کو ہدایات جاری کرنے کے علاوہ ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کے انتظامی، تنظیمی اور عملیاتی امور سے متعلق احکامات بھی جاری کر سکیں گے۔ انہیں فنڈز کی تقسیم اور منتقلی کے احکامات دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

حکمنامے کے مطابق نامزد اضلاع میں مزید تعیناتیوں اور تبادلوں کے احکامات وزیرِ اعظم ایڈمنسٹریٹر کی سفارش پر وقتاً فوقتاً جاری کر سکیں گے۔

وفاقی حکومت کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اور وفاقی و صوبائی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے سیکیورٹی بہتر بنائی جائے گی۔ عوامی تحفظ، معاشی استحکام، امدادی سرگرمیوں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق محکموں کی تنظیمِ نو اور ضروری اقدامات بھی کیے جا سکیں گے۔

حکمنامے کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کے احکامات، نوٹیفکیشنز، ہدایات اور اقدامات کو صوبائی حکومت کے احکامات کے برابر قانونی حیثیت حاصل ہوگی۔ وفاقی حکومت کا یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔