ویانا:بلاول بھٹو زرداری نے منگنی سے متعلق خبروں کی تردید کردی

ویانا(محمد عامر صدیق سے) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی منگنی اور شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی۔اپنے ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سوشل میڈیا نے ان کی بات پکی، منگنی اور شادی بھی کروا دی ہے، تاہم واضح کرتا ہوں کہ نہ تو بات پکی ہوئی ہے اور نہ ہی ان کی منگنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور وہ کسی ’’پرنسز گلوریا‘‘ کو بھی نہیں جانتے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا یہ تماشا اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئےہے۔

انہوں نے سانحہ پمز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت میں 14 بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک وزیر پاکستان کا گورباچوف بننا چاہتا ہے اور ملک کے 30 ٹکڑے کرنا چاہتا ہے، لیکن وہ ایک اسپتال نہیں سنبھال سکتا۔

اس سے قبل بعض ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں موجود ہیں، جہاں بلاول کی ممکنہ منگنی اور شادی کے حوالے سے ایک آسٹرین خاندان سے بات چیت جاری ہے۔ جیو نیوز اور دی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اس سلسلے میں ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں، تاہم شادی یا منگنی کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

دوسری جانب کراچی کے میئر اور پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق خبروں کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔