وینکوور (نمائندہ خصوصی)قونصل جنرل پاکستان وینکوور نے پاکستان کینیڈا جدت کاری راہداری کے عنوان سے نیٹ ورکنگ تقریب کی میزبانی کی جس کا مقصد پاکستان اور کینیڈا کے درمیان ٹیکنالوجی، تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کا انعقاد ویب سمٹ وینکوور 2026 کے بعد کیا گیا جس میں پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں، کینیڈین کاروباری شخصیات، میڈیا اور پاکستانی کینیڈین کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

قونصل جنرل شہزاد حسین نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی ویب سمٹ میں شرکت سے انہیں شمالی امریکا خصوصاً کینیڈین مارکیٹ تک رسائی اور تجربہ حاصل ہوا ہے۔انہوں نے پاکستانی سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی معاونت کو بھی سراہا۔

تجارتی و سرمایہ کاری مشیر التماش جنجوعہ نے شرکاء کو پاکستان اور کینیڈا کے درمیان آئی ٹی شعبے میں تعاون کے امکانات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اس کی برآمدات 2026 تک 4.6 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔
تقریب میں شرکاء نے مصنوعی ذہانت، مالی ٹیکنالوجی اور دیگر آئی ٹی خدمات میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ نیٹ ورکنگ ایونٹ کو پاکستان اور کینیڈا کے اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے اہم قرار دیا گیا۔

