ویتنام میں اسپیڈ بوٹ الٹنے سے 15 بھارتی سیاح ہلاک

فوکوک، ویتنام( خبر ایجنسی)ویتنام کے سیاحتی جزیرے فوکوک کے قریب بھارتی سیاحوں کو لے جانے والی ایک اسپیڈ بوٹ الٹنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ جنوبی ویتنام کے جزیرے فوکوک کے قریب اس وقت پیش آیا جب بھارتی سیاحوں کو لے جانے والی اسپیڈ بوٹ اچانک الٹ گئی۔ حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کے وقت کشتی میں عملے سمیت 36 افراد سوار تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے متعدد افراد کو بحفاظت نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جبکہ ہلاک ہونے والے 15 افراد کی لاشیں سمندر سے نکال لی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئےتحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔فوکوک ویتنام کا سب سے بڑا جزیرہ ہے اور اپنے خوبصورت ساحلوں، سمندری تفریح اور سیاحتی مقامات کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں میں مقبول ہے۔