تاروبا(سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔تاروبا کے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 211 رنز کا ہدف ملا تھا، تاہم قومی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ اذان اویس، امام الحق اور شان مسعود 3، 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، علی عثمان 2 اور خرم شہزاد 4 رنز بنا سکے، جبکہ سلمان علی آغا، عامر جمال اور محمد علی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز 126 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 181 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پہلی اننگز میں 29 رنز کی برتری کے باعث میزبان ٹیم نے پاکستان کو 211 رنز کا ہدف دیا۔
ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 311 رنز بنائے تھے، جس میں شے ہوپ نے 92 اور کیوم ہوج نے 84 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد علی نے 4 جبکہ محمد عباس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان پہلی اننگز میں 282 رنز بنا سکا، شان مسعود نے 109 اور امام الحق نے 63 رنز اسکور کیے، جبکہ ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔اس کامیابی کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

