ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلادیش نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی

ساؤتھمپٹن( آئی سی سی، اسپورٹس رپورٹس)آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، بنگلادیش نے گروپ میچ میں پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں قومی ٹیم کی مسلسل تیسری ناکامی رقم کر دی۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کی جانب سے دیے گئے 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے اوپنرز نے 49 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے مضبوط آغاز فراہم کیا، تاہم مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اس بنیاد کو کامیابی میں تبدیل نہ کر سکی اور مطلوبہ رفتار سے رنز بنانے میں ناکام رہی۔

منیبہ علی نے 25 اور گل فیروزہ نے 23 رنز اسکور کیے، جبکہ عائشہ ظفر 11 اور کپتان فاطمہ ثنا 10 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ دیگر کوئی بھی بیٹر دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکی۔

بنگلادیش کی جانب سے سنجیدہ اختر اور ناہیدہ اختر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رابعہ خان اور رتو مونی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے۔ شورنا اختر نے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ نگار سلطانہ نے 36 اور سبحانہ مستری نے 22 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال، تسمیہ رباب، نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ قومی ویمنز ٹیم کو اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچوں میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں مزید مشکل ہو گئی ہیں۔