وینکوور (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے شہر وینکوور میں 11 سے 14 مئی تک جاری سالانہ “ویب سمٹ 2026” نمائش میں پاکستان نے اپنی جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
شمالی امریکا کی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں اپنی موجودگی مضبوط کرتے ہوئے پاکستان نے ویب سمٹ 2026 میں نمایاں شرکت کی، جہاں دنیا بھر سے سرمایہ کار، صنعتکار اور ٹیکنالوجی ماہرین شریک ہیں۔
پاکستان کی 6 رکنی آئی ٹی کمپنیوں پر مشتمل نمائندہ ٹیم سمٹ میں شرکت کر رہی ہے جو پاکستان میں تیار کردہ جدید آئی ٹی مصنوعات اور خدمات پیش کر رہی ہے۔

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تعاون سے قائم پاکستانی اسٹال کا افتتاح قونصل جنرل شہزاد حسین نے کیا۔وینکوور میں پاکستانی قونصل خانے اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ونگ کی جانب سے پاکستانی وفد کو کینیڈین اور دیگر بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری ملاقاتوں اور روابط کے لیے معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
پاکستانی وفد کی توجہ مصنوعی ذہانت، فِن ٹیک اور سافٹ ویئر سروسز کے شعبوں میں نئے کاروباری معاہدوں اور مشترکہ منصوبوں پر مرکوز ہے۔پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی آئی ٹی شعبے کی یہ سرگرم شرکت حکومت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو شمالی امریکا کی تیزی سے ترقی کرتی آئی ٹی مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں کینیڈا کو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 11 کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جو مالی سال 2024 کے 9 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں۔

