واشنگٹن (سی بی سی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈین شہریوں کے فرانسیسی زبان بولنے میں مداخلت کے کسی بھی ارادے کی تردید کرتے ہوئے اسے ’’احمقانہ بات‘‘ قرار دیا ہے۔
کیوبیک کے صوبائی انتخابات سے چند روز قبل ٹرمپ نے منگل کی صبح اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں کہ کینیڈین شہریوں کے فرانسیسی زبان بولنے میں مداخلت کی جائے۔
ٹرمپ کا یہ بیان امریکا اور کینیڈا کے درمیان گزشتہ جمعے تجارتی مذاکرات اچانک ختم ہونے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی کے مطابق مذاکرات میں امریکا کی جانب سے بعض ایسے مطالبات سامنے آئے تھے جو فرانسیسی زبان کے فروغ سے متعلق کینیڈا کی پالیسیوں کو متاثر کر سکتے تھے۔
کارنی نے کہا تھا کہ فرانسیسی زبان کے میڈیا کے لیے سبسڈی اور مصنوعات پر دو زبانوں میں لیبلنگ کی لازمی شرط سے متعلق کینیڈین اقدامات امریکی مذاکرات کاروں کے لیے تجارتی تنازع کا باعث بنے تھے۔
پیر کو کیوبیک کے شہر لیوی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مارک کارنی نے وضاحت کی کہ اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر فرانسیسی-کینیڈین مواد کی دستیابی اور اسے صارفین کے لیے آسانی سے قابلِ رسائی بنانے کا معاملہ بھی امریکی مذاکرات کاروں کی جانب سے ایک ’’اختلافی نکتے‘‘ کے طور پر اٹھایا گیا تھا۔
کارنی کے مطابق کیوبیک کے قانون کے باعث اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر فرانسیسی زبان کا مواد صارفین کو آسانی سے دستیاب ہوتا ہے، جبکہ مصنوعات کی لیبلنگ سے متعلق فرانسیسی زبان کے تقاضے بھی امریکا اور کینیڈا کے درمیان مذاکرات میں زیرِ بحث رہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ فرانسیسی زبان بولنے والے کینیڈینز کے معاملات میں مداخلت کی بات ایک کمزور اور غیر مؤثر وزیرِ اعظم نے سیاسی حمایت حاصل کرنے کے لیے گھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فرانسیسی کینیڈینز سے محبت کرتے ہیں۔
ٹرمپ کے بیان پر کینیڈا کی وزیرِ صنعت میلانیا جولی نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم سب فرانسیسی کینیڈینز سے محبت کرتے ہیں‘‘، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ معاملہ محبت کا نہیں بلکہ کینیڈا کی خودمختاری اور ملک کے اصولوں کا ہے۔
کیوبیک حکومت نے گزشتہ برس بل 109 متعارف کرایا تھا، جس کا مقصد ڈیجیٹل ماحول میں فرانسیسی زبان کے ثقافتی مواد کی دستیابی اور رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ قانون دسمبر 2025 میں نافذ ہوا اور اس کے تحت اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے لیے فرانسیسی زبان کے مواد کو شامل کرنا اور اسے صارفین کے لیے زیادہ نمایاں بنانا لازم قرار دیا گیا ہے۔
کیوبیک میں مصنوعات کی پیکیجنگ پر فرانسیسی زبان میں لیبلنگ کے بھی سخت قوانین نافذ ہیں۔ یہ تقاضے بل 96 کے تحت کیے گئے ہیں، جسے امریکی حکومت نے 2025 کے اوائل میں امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارت میں ایک ’’اختلافی مسئلہ‘‘ قرار دیا تھا۔
کینیڈین حکومت کا مؤقف ہے کہ فرانسیسی زبان اور ثقافتی مواد کے تحفظ سے متعلق قوانین کیوبیک اور کینیڈا کی ثقافتی شناخت کا اہم حصہ ہیں، جبکہ حالیہ تجارتی مذاکرات میں امریکا کی جانب سے ان قوانین پر تحفظات نے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔

