ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی) مقامی ریسٹورنٹ میں پاکستان میں حافظ آبادسے منتخب سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری مہدی حسن بھٹی کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس کی میزبانی معروف سماجی شخصیت رانا اورنگزیب نے کی۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور کمیونٹی نمائندوں نے شرکت کی اور چوہدری مہدی حسن بھٹی کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

عشائیے میں SKANS کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر قریشی، پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے کینیڈا میں مشیر چوہدری جاوید اقبال گجر، معروف صحافی و کالم نگار اشرف خان لودھی،رانااشرف، عامرعاشر،فرازی،ڈاکٹرناصر وڑائچ،ملک عثمان،سنی،دانیال ابراہیم سمیت دیگر معزز شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے باہمی دلچسپی کے امور، پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل اور کینیڈا میں سماجی و سیاسی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ ایسی ملاقاتیں کمیونٹی میں اتحاد، ہم آہنگی اور باہمی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی جبکہ شرکاء نے میزبان رانا اورنگزیب کی میزبانی کو سراہتے ہوئے چوہدری مہدی حسن بھٹی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

