ٹورنٹو (ریحان الحق سے)شمالی امریکا کی پہلی بڑی ٹی 20 فرنچائز لیگ “جی ٹی 20 کینیڈا” کے چیئرمین ارون اگروال نے کہا ہے کہ لیگ کا مقصد کینیڈا میں کرکٹ کو فروغ دینا اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کو کینیڈا لانا ہے۔کرکٹ کینیڈا نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل کرکٹ لیگ کینیڈا کو جی ٹی 20 لیگ کے انعقاد کیلئےطویل المدتی لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جی ٹی 20 کینیڈا ایک بڑی ٹی 20 لیگ کے طور پر ملک میں کرکٹ کے فروغ اور مقبولیت میں اہم کردار ادا کریگی۔لیگ میں 6 فرنچائز ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں برامپٹن بلیزرز، مسی ساگا اسکائی ہاکس، مونٹریال ٹائیگرز، سری فریزر، ٹورنٹو ٹائٹنز اور وینکوور گارڈینز شامل ہیں۔
کرکٹ کینیڈا کے صدر امجد باجوہ نے کہا کہ نیشنل کرکٹ لیگ کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہیں کیونکہ دونوں ادارے کینیڈا میں کرکٹ کے مستقبل کیلئےیکساں وژن رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف ملک میں کرکٹ کی بنیاد مضبوط کریگی بلکہ کھیل کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہوگی۔امجد باجوہ کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ لیگ کے تجربے اور عزم کے ساتھ جی ٹی 20 لیگ مزید ترقی کرے گی اور کینیڈا میں کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔

