ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین نے کاروباری وفد کے ہمراہ کینیڈا کی کینولا کونسل کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر کرس ڈیوسن سے ٹورنٹو میں ملاقات کی۔
پاکستان ہائی کمیشن ٹورنٹو کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تیل دار بیجوں، زرعی خوراک اور زرعی صنعتی شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔فریقین نے موجودہ تعاون کو جاری رکھنے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں اسے مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
پنجاب کے وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری چوہدری شافع حسین کی قیادت میں کاروباری وفد نے کینیڈا کے دورے کے دوران مختلف کاروباری اور صنعتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں، جن کا مقصد پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

