ریاض( اے پی پی، وزارتِ خزانہ پاکستان)پاکستان اور سعودی عرب نے مالیاتی، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے ریاض میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ فنانس گروپ کے اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور سعودی وزیرِ خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا، جس میں وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، مالیاتی، سرمایہ کاری، توانائی اور بجلی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی مسلسل حمایت اور دونوں ممالک کے مضبوط برادرانہ تعلقات پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے توانائی کے شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری، تعاون اور مستقبل کے امکانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک نے باہمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی استحکام کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے اقتصادی اور تزویراتی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

