کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملک بھر کے غیر فعال اور جزوی طور پر غیر فعال ایئرپورٹس کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کراچی میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ایئرپورٹ سروسز، انجینئرنگ سروسز اور کمرشل شعبوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ، تربت ایئرپورٹ، دالبندین ایئرپورٹ اور سیدو شریف ایئرپورٹ کی بحالی کے لیے فوری ہدایات جاری کی گئیں۔اس کے علاوہ سکھر ایئرپورٹ، نیو گوادر ایئرپورٹ سمیت دیگر ہوائی اڈوں کی بحالی کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ دفاع نے بھی ہدایت دی ہے کہ تمام غیر فعال ایئرپورٹس کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں نئی نجی فضائی کمپنی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

