پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام، بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (آئی ایس پی آر)پاک افغان سرحد کے قریب فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ،سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارتی سرپرستی یافتہ 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ انداز میں دہشت گردوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ملک میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کو افغان سرزمین استعمال کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں اور غیر ملکی سرپرستی و حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھی جائے گی۔