پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے خواتین فٹبال کی ترقی کیلئےاپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوۓ اسلام آباد میں منعقد ہونیوالے پہلے پی ایف ایف ویمنز فٹبال سمپوزیم میں اعلان کیا کہ پاکستان میں ہر سال خواتین فٹبال کا سال ہوگا۔فٹبال اور ترقیاتی شعبوں کے سٹیک ہولڈرز کو یکجا کرتے ہوئے، اس سمپوزیم نے پاکستان میں خواتین کے کھیل کو مضبوط بنانے کے حوالے سے خیالات کے تبادلے کا موقع فراہم کیا، اور نومنتخب پی ایف ایف انتظامیہ کی قیادت میں مستقبل کی ترقی کیلئے ایک سٹریٹجک روڈ میپ پیش کیا گیا۔ محسن گیلانی نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان ویمنز فٹبال کے حالیہ عروج کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ وینکوور میں ہونے والی فیفا کانگریس میں پاکستان ویمنز فٹبال کا “ہر طرف چرچا” سننا بے حد حوصلہ افزا تھا۔

انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی حمایت کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے کھیل کا دائرہ صرف قومی ٹیم تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، “خواتین فٹبال صرف قومی ٹیم کا نام نہیں ہے؛ یہ پورے ایکو سسٹم کا معاملہ ہے — کھلاڑی، کوچز، ریفریز اور شائقین۔ یہ صرف چمک دمک کی بات نہیں، بلکہ اس میں ٹھوس مواد ہونا چاہیے۔” ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کو خواتین فٹبال کے ڈھانچوں کی قیادت خود کرنی چاہیے۔

مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی مہرین رزاق بھٹو نے فیڈریشن کو خواتین قومی ٹیم کی فیفا سیریز مہم، سیف فٹسال چیمپئن شپ میں شرکت اور اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز پر مبارکباد دی، اور نوٹ کیا کہ پاکستانی خواتین جب بھی موقع ملے تو رکاوٹیں توڑنا جاری رکھتی ہیں۔ سیکریٹری آئی پی سی اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محی الدین احمد وانی نے سکول گرلز قومی فٹبال ٹورنامنٹ کے منصوبوں کا اعلان کیا اور لاجسٹکس، میدان اور آلات کے حوالے سے ادارہ جاتی تعاون کا وعدہ کیا۔
فیفا کی ہیڈ آف ڈویلپمنٹ اریانا دیمیروویچ نے بین الاقوامی خواتین فٹبال میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو سراہا اور طویل مدتی ترقیاتی اقدامات کی حمایت کے لیے فیفا کی آمادگی کا اعادہ کیا۔ سمپوزیم میں رائٹ ٹو پلے، یو این ویمن، میڈیا، کوچز اور سابق کھلاڑیوں کے نمائندوں کی شرکت بھی شامل رہی، جہاں بحث کا محور رسائی، محفوظ کھیل کی جگہیں، گراس روٹس ڈھانچے، تربیت یافتہ خواتین کوچز اور سکول فٹبال پروگرام رہے۔پی ایف ایف کی ہیڈ آف ویمنز فٹبال میژگان اورکزئی نے خواتین فٹبال کی ترقی کے لیے فیڈریشن کا سٹریٹجک وژن پیش کیا۔

