اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران جنگ میں پھنسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بیل آؤٹ کیا ہے، پاکستان کو چاہیے کہ امریکا سے کہے کہ ایران-پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر پابندیاں عائد نہ کی جائیں۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے راجا ناصر عباس نے کہا کہ اگر 20 سال قبل ایران-پاکستان گیس پائپ لائن بچھ جاتی تو آج پاکستان کی صنعت چل رہی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہنا چاہیے کہ ایران سے گیس پائپ لائن کے معاملے پر پاکستان پر پابندیاں عائد نہ کی جائیں۔
توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ایران نے گیس پائپ لائن منصوبے پر کافی کام کر لیا ہے تاہم امریکی پابندیوں کے باعث پاکستان کی جانب سے منصوبے پر پیش رفت نہیں ہو سکی۔
وزیرِ پیٹرولیم نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے قانونی چارہ جوئی کا معاملہ بھی موجود ہے اور ایران ثالثی عدالت سے بھی رجوع کر چکا ہے۔علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے معاملے کے حل کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر رکھی ہے، جو دونوں ممالک کیلئےقابلِ قبول حل تلاش کرنے پر کام کر رہی ہے۔

