راولپنڈی( پی سی بی، اے ایف پی، رائٹرز)پاکستان نے اپنے تاریخی ہزارویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کی ٹیم 44 اعشاریہ ایک اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا 61 اور میتھیو شارٹ 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ میتھیو کوہنیمن نے 24 اور ایلکس کیری نے 19 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان نے 201 رنز کا ہدف 43 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔بابر اعظم نے 94 گیندوں پر 69 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ غازی غوری 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔دیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان نے 28، معاذ صداقت نے 8، سلمان علی آغا نے 6 رنز بنائے، جبکہ عرفات منہاس 18 اور عبدالصمد ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی، سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ 2 جون کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ پاکستان کیلئے ہزارویں ایک روزہ میچ میں شرکت اور قیادت کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے اور ٹیم اس تاریخی موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔

