پاکستان نے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تیسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دے دی

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) پاکستان ہاکی ٹیم نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں بھی جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں جنوبی کوریا نے برتری حاصل کی، جب 11ویں منٹ میں لم ڈیون نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی سبقت دلائی۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے حریف کے گول پر متعدد حملے کیے، تاہم کوئی بھی موقع گول میں تبدیل نہ ہوسکا اور اس کوارٹر میں دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔

تیسرے کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے حیات نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا، لیکن اس کے فوراً بعد جنوبی کوریا کے کم نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو دوبارہ برتری دلا دی، یوں تیسرے کوارٹر کے اختتام پر جنوبی کوریا کو 1-2 کی سبقت حاصل تھی۔

چوتھا اور آخری کوارٹر انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا، جس میں مجموعی طور پر چار گول اسکور ہوئے۔ پاکستان نے پہلے خسارہ ختم کرکے مقابلہ برابر کیا، تاہم جنوبی کوریا نے ایک اور گول کرکے اسکور 2-3 کردیا۔

میچ کے آخری دس منٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے نہ صرف خسارہ پورا کیا بلکہ مزید ایک گول کرکے برتری حاصل کرلی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور پاکستان نے کامیابی اپنے نام کرلی۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان نے چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔میچ کے اختتام پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، جبکہ اس موقع پر پاکستان ہاکی کے عظیم اولمپئنز سمیع اللہ اور حسن سردار بھی مہمانانِ خصوصی کے طور پر موجود تھے۔