پاکستان نے چار ملکی فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا، فائنل میں افغانستان کو 2-0 سے شکست

مالے(پاکستان فٹبال فیڈریشن، ٹورنامنٹ انتظامیہ)پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار ملکی ڈائمنڈ جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں افغانستان کو 2-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

مالدیپ کے نیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان کی جانب سے پہلا گول شائق دوست نے کھیل کے 24ویں منٹ میں اسکور کیا، جبکہ دوسرا گول ہارون حامد نے انجری ٹائم کے چوتھے منٹ میں کرکے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

پاکستانی ٹیم 1962ء میں ملائیشیا میں ہونے والے امردیکا کپ کے بعد پہلی بار کسی آزاد بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی تھی اور 64 برس بعد کسی بین الاقوامی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان، افغانستان، مالدیپ اور بنگلادیش کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ قومی ٹیم نے گروپ مرحلے میں دو میچ جیتے اور ایک برابر کھیل کر سات پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ افغانستان چار پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں پہنچا تھا۔

دریں اثنا پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سربراہ محسن گیلانی نے تاریخی کامیابی پر قومی ٹیم، ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو اور آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چھ دہائیوں بعد یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کوچ، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا۔