پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ایک روزہ ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز آج راولپنڈی سے ہورہا ہے۔ پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سیریز کی ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف بھرپور رفتار سے باؤلنگ کروں گا، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور تمام کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہر کھلاڑی کو اپنے کھیل میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، ہر فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کی کامیابی کیلئے کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہ کھلاڑیوں کی ذمہ داری بھی ہے،کھلاڑی محنت بھی کررہے ہیں فیملی کو بھی وقت نہیں دے پار ہے۔
شاہین آفریدی نے پاکستانی فاسٹ بولرز کی کم رفتار کے حوالے سے کہا کہ مشین چلتی ہے تو خراب بھی ہوتی ہے، باڈی کو آرام ملتا ہے تو جان بھی لگتی ہے، سب فاسٹ بولر اپنی سپیڈ کے حوالے سے سوچ رہے ہیں، انہوں نے صحافی کو جواب دیا کہ وہ آپ کیلئے 200 کی سپیڈ سے بولنگ کریں گے۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی کھلاڑیوں سے بات کی ہے، ہمارے لیےہر کھلاڑی اہم ہے، سیلکٹرز کی کوشش ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دیے جائیں۔ شاہین آفریدی بولے بابراعظم نے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائی، امید ہے بابراعظم اسی طرح پرفارم کرتے رہیں گے، بابراعظم پاکستان کی ون ڈے کرکٹ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے محمد رضوان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان اگر آسٹریلیا کے خلاف سیریز نہیں کھیل رہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا کیرئیر ختم ہوگیا۔

